Feb ۲۰, ۲۰۱۶ ۰۷:۲۷ Asia/Tehran
  • ترکی کی فوج کے توپخانے کے حملے میں تین شہری ہلاک

شام کے شمالی شہر حلب کے مضافات میں ترکی کی فوج کے توپخانے کے حملے مین تین شہری ہلاک ہوگئے

لبنان کےالمیادین ٹی وی چینل کے مطابق ترک فوج گزشتہ ہفتے کے اوائل سے شامی کردوں کی تنظیم کردستان یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی ملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر رہی ہے۔

العالم ٹی وی چینل نے بھی خبر دی ہے کہ دہشت گردوں نے شمالی حلب کے مضافات میں صوفان نامی گاؤں پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا ہے-

اسی طرح جمعے کے دن دمشق کے مضافات میں واقع "داریا" شہر میں دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان لڑائی میں متعدد دہشت گرد مارے گئے ہیں -

شامی فوج کی کامیابی کے ساتھ ساتھ کرد ملیشیا نے بھی شمالی حلب اور ترکی کی سرحد کے قریب واقع دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

شمالی محاذ پر روسی جنگی طیاروں کی پشت پناہی میں شامی فوج اور کرد ملیشیا کی کامیاب کارروائیوں نے ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کو بند گلی میں پہنچادیا ہے یہی وجہ ہے کہ ترک فوج نے کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری شروع کردی ہے۔

شمالی شام کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کرد ملیشیا اہم کردار ادا کررہی ہے اور اس نے شمال مشرقی شام کے صوبے حسکہ کے اڑتالیس علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور ترکی کی جانب داعش کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے۔

ٹیگس