Mar ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • یمن: آل سعود کی وحشیانہ جارحیتوں کی مذمت

یمن کے دارالحکومت صنعا میں دسیوں ہزار یمنی شہریوں نے مظاہرہ کر کے سعودی حکومت کی وحشیانہ جارحیتوں کی مذمت کی ہے ۔

یمنی مظاہرین نے اسی کے ساتھ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن پر جارحیت اور سعودی حکومت کے جنگی جرائم کے تعلق سے اپنے فرائض پر عمل کریں. دوسری طرف اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق نے یمن کے ایک بازار الخمیس پر سعودی بمباری کو جنگی جرائم کے زمرے میں شمار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

یمن کے دارالحکومت صنعا میں جمعے کو سعودی حکومت کے خلاف انجام پانے والے احتجاجی مظاہرے میں دسیوں ہزار یمنی شہریوں نے شرکت کی ۔

ہمارے نمائندے کے مطابق یمنی شہریوں نے اس مظاہرے میں امریکا مردہ باد اور سعودی حکومت مردہ باد کے نعرے لگائے ۔

مظاہرین نے یمن کے علاقے الخمیس کے بازار پر سعودی جنگی طیاروں کی حالیہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ یمن پر وحشیانہ سعودی جارحیت اور اس کے جنگی جرائم کے تعلق سے اپنے فرائض پر عمل کریں ۔

مظاہرین نے سعودی حکومت کے جنگی جرائم اور یمن کے بے گناہ عام شہریوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی کی بھی مذمت کی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو یمن کے صوبہ حجہ کے بازار الخمیس پر سعودی حکومت کی وحشیانہ بمباری میں ایک سو انیس عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے ۔ اقوام متحدہ کے بچوں کے امور کے ادارے یونیسف کی رپورٹ کے مطابق اس وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں میں بائیس بچے شامل ہیں۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے ایک بیان جاری کرکے یمن کے بازار پر سعودی حکومت کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کی ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائی انسانی حقوق رعد الحسین نے جمعے کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے فضائی حملوں میں دو تہائی عام شہری مارے گئے ہیں ۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے یمن پر سعودی اتحاد کے حملوں میں تسلسل کے ساتھ وحشتناک اقدامات انجام پا رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان واقعات کے بارے میں تحقیقات کا وعدہ تو کیا گیا لیکن اب تک اس سلسلے میں کسی عملی اقدام کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر رعدالحسین کا کہنا ہے کہ یمن پر فضائی حملوں میں سعودی اتحاد کے ممالک جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں ۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے بازار الخمیس پر سعودی بمباری کے بعد اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے بمباری کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ انہیں اس جگہ پر فوجی اسلحے اور وسائل کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

اس حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے دفتر نے بھی ایک بیان جاری کرکے اس حملے کی مذمت کی تھی ۔

سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر یمن پر حملے کے دوران رونما ہونے والا یہ دوسرا بڑا اور دردناک واقعہ ہے ۔

سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگوں میں رہائشی علاقوں اور بازاروں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی آشکارا خلاف ورزی ہیں ۔

ٹیگس