Mar ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • بحرین: آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کا مظاہرہ

بحرینی شہریوں نے ایک بار پھر آل خلیفہ حکومت کےخلاف مظاہرہ کر کے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بحرینی شہریوں نے دارالحکومت منامہ کے قریب الدراز کے علاقے میں مظاہرہ کرکے جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا -

مظاہرین اپنے ہاتھوں میں سیاسی قیدیوں خاص طور پر شیخ علی سلمان کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے اور حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہےتھے-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے نفاذ اور موجود ہ حکومت کے خاتمے تک ان کی پرامن تحریک جاری رہے گی -

واضح رہے کہ بحرین کی ایک عدالت نے گزشتہ برس جون میں جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کو وزارت داخلہ کی توہین کے الزام میں قید کی سزاسنائی تھی -

اس سے پہلے دسمبر دو ہزار چودہ میں بحرینی حکومت کے کارندوں نے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کرلیا تھا -

بحرینی شہری شیخ علی سلمان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کےحق میں آئے دن مظاہرے کرتے ہیں -

بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے جمہوریت، آزادی اور سیاسی اصلاحات کے حق میں عوام کی پرامن تحریک جاری ہے -

ٹیگس