Apr ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۱۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور ترکی کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت جاری رہنے پر شام کی وزارت خارجہ کا رد عمل
    سعودی عرب اور ترکی کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت جاری رہنے پر شام کی وزارت خارجہ کا رد عمل

شام کی وزارت خارجہ نے ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی مذمت کی ہے۔

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق، شام کی وزارت خارجہ نے اتوار کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے نام علیحدہ علیحدہ خطوط میں دمشق اور حلب کے نواحی علاقے میں تکفیری دہشت گردوں کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی مذمت کی۔

شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ اقدامات شامی عوام کے خلاف تکفیریوں کے گذشتہ اقدامات اور جرائم کا تسلسل ہیں کہ جو سعودی عرب اور ترکی کے حکم پر انجام دیے جا رہے ہیں۔

شام کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ انقرہ اور ریاض تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کر کے جنیوا امن مذاکرات کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور مخالفین کا مذاکرات میں شریک ہونے سے انکار کرنا اور ان کی جانب سے تکفیریوں سے شام کی حکومت اور فوج کے خلاف جنگ کو جاری رکھنے کی درخواست اس دعوے کا ثبوت ہے۔ شامی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ دمشق واضح طور پر اعلان کرتا ہے کہ تکفیریوں کے دہشت گردانہ اقدامات ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔

واضح رہے کہ بحران شام حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی سے جنیوا امن مذاکرات کا نیا دور اپریل کے وسط سے شروع ہوا ہے۔

ٹیگس