May ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب، بشار الجعفری
    اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب، بشار الجعفری

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری دہشت گردی کے مسئلے میں دہرے معیار سے دستبردار ہو کر اس کے خلاف مہم میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار الجعفری نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس بات کے آغاز سے، جسے بحران شام سے تعبیر کیا گیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سیکڑوں نشستیں کیں، دسیوں بیانات اور قرارداد جاری اور تحقیق کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیں مگر وہ ایک قدم بھی سنجیدہ طور پر نہ اٹھا سکی کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں پر کوئی دباؤ ڈال پاتی۔

انھوں نے کہا کہ دمشق نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ نفرت کا زہر پھیلانے والے افکار اور تکفیری دہشت گردی کے خلاف مہم میں صداقت کے ساتھ بروئے کار لائی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے اور وہ دہشت گردی کو بدستور عالمی خطرہ اور انسانیت کا مشترکہ دشمن سمجھتا ہے۔

بشار الجعفری نے کہا کہ یہ مسئلہ اس بات کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل دہشت گردی کے خلاف مہم کے لئے بین الاقوامی ہم آہنگی میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے تاہم اس کا کوئی بھی اقدام دہرے معیار سے عاری ہونے کی ضرورت ہے اس لئے کہ یہ بات بالکل منطقی اور قابل قبول نہیں ہے کہ دہشت گرد اگر مغربی ملکوں میں ہوں تو وہ دہشت گرد ہیں اور اگر وہ شام میں ہوں تو انھیں اعتدال پسند مسلح گروہ یا مسلح مخالفین سے تعبیر کیا جائے اور ان کی حمایت کی جائے اور ان کے لئے پاسپورٹ جاری کئے جائیں تاکہ وہ شام کی سرحدوں میں داخل ہو سکیں۔

ٹیگس