May ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • اسرائیلی سازشوں کے مقابلے میں عالم اسلام کو بیدار کیا جائے گا، سید حسن نصراللہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

بیروت سے ہمارے نمائندے کے مطابق اتوار کے روز ہونے والی اس ملاقات میں فلسطین،لبنان اور شام کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران کے نائب وزیر خاجہ حسین امیر عبداللھیان نے اس موقع پرکہا کہ اگرحزب اللہ کے جیالے، صیہونی دشمن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایثار و فداکاری کا مظاہرہ نہ کرتے تو پورا خطہ بدامنی کا شکار ہو جاتا۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اس موقع پر کہا کہ صیہونی دشمن کی مذموم سازشوں کے مقابلے میں عالم اسلام کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام و عراق میں تکفیری دہشت گردوں کی سرگرمیاں اور خطے کے دیگر اسلامی ملکوں میں بدامنی پھیلانا صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کا حصہ ہے۔

سید حسن نصراللہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کے سیاسی بحرانوں کے حل میں ایران کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت اور دہشت گردی کے ذریعےاپنے مفادات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر نے والی قوتیں ہی خطے کے عدم استحکام اور دہشت گردی کے فروغ کی اصل ذمہ دار ہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے اس موقع پر حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر مصطفی بدرالدین کی شہادت پر سید حسن نصراللہ اور لبنانی عوام کو تعزیت بھی پیش کی۔

ٹیگس