Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۷ Asia/Tehran
  • حیدر العبادی: بغداد میں سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان کو سفارتی قواعد و قوانین کا پابند رہنا چاہیے۔
    حیدر العبادی: بغداد میں سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان کو سفارتی قواعد و قوانین کا پابند رہنا چاہیے۔

عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے خلاف سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے مداخلت پسندانہ بیان کے بعد عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے پہلی بار سعودی عرب کے سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفارتی آداب و اصول کا خیال رکھیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادی نے بدھ کے روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے بیان کے چند گھنٹے کے بعد کہا کہ بغداد میں سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان کو سفارتی قواعد و قوانین کا پابند رہنا چاہیے اور عراق کے داخلی امور میں مداخلت سے اجتناب کرنا چاہیے۔ بغداد میں سعودی سفیر نے بھی اپنے ملک کے وزیر خارجہ کے بیان کے بعد مداخلت پسندانہ بیان دیا تھا۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پیرس میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی پر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کا الزام لگایا اور داعش کے خلاف فوجی کارروائی سے اسے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور عراق کے سفارتی تعلقات تقریبا چوبیس سال کے بعد بحال ہوئے تھے اور اس سال بغداد میں سعودی عرب کا سفارت خانہ کھل گیا تھا اور ثامر السبہان نے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں لیکن انھوں نے اب تک کئی بار ہنگامے کھڑے کیے ہیں اور دو بار انھیں عراق کی وزارت خارجہ میں طلب کیا جا چکا ہے۔

ٹیگس