Dec ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • شام: حمص کے فوجی اڈے پر داعش کا حملہ ناکام

شامی فوج نے حمص کے مشرق میں ٹی فور فوجی اڈے پر داعش کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج کے دستوں نے ایک وسیع کارروائی کرتے ہوئے حمص کے نواح میں دہشت گردوں کی رفت و آمد کے راستوں اور ان کے اجتماع کے مقام کو نشانہ بنایا۔ ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ اس حملے میں تکفیری دہشت گردوں کی چار بکتربند گاڑیاں اور مشین گنوں سے لیس کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ اس ذریعے نے مزید کہا کہ حمص کے شمالی سیکٹر میں بھی جبہت النصرہ کے سات دہشت گرد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے اور ان کا بہت سا فوجی سازوسامان تباہ کر دیا گیا۔ یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب شام کے شمال مغربی شہر لاذقیہ کے باسل الاسد ہوائی اڈے سے متحدہ عرب امارات اور کویت کے لیے  پروازیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر ٹرانسپورٹ علی حمود نے کہا ہے کہ باسل الاسد ہوائی اڈے سے پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے سے لوگوں کی سفر کی مشکلات کم ہوں گی۔ پہلے انھیں لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ذریعے سفر کرنا پڑتا تھا۔ اس کے علاوہ اس ہوائی اڈے سے پروازیں شروع ہونے سے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دباؤ کم ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ باسل الاسد ہوائی اڈے پر اس وقت سات سو ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ادھر شام کی قومی آشتی کی وزارت کے نمائندے فادی اسماعیل نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی دوبارہ خیانت کو روکنے کے لیے الفوعہ اور کفریا کے علاقوں کے زخمیوں کو منتقل کرنے سے قبل کوئی بھی قافلہ حلب کے مشرق سے باہر نہیں جائے گا۔ فادی اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبہ حلب میں الفوعہ اور کفریا کے زخمیوں کے علاج و معالجہ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو زخمی اور عام شہری الفوعہ اور کفریا سے باہر آ رہے ہیں انھیں لاذقیہ یا حماہ منتقل کرنے کے بجائے حلب منتقل کیا جائے گا۔ ہفتے کے روز کئی بسوں پر مشتمل ایک قافلہ حلب کے مشرق میں مسلح افراد کو نکالنے کے لیے الراموسہ علاقے میں داخل ہوا۔ اسی کے ساتھ انتیس بسیں الفوعہ اور کفریا علاقوں کے زخمیوں اور عام شہریوں کو نکالنے کے لیے شمالی ادلب کے شیعہ آبادی والے ان دو علاقوں میں داخل ہوئیں۔ شیعہ اکثریتی آبادی والے دو علاقے الفوعہ اور کفریا، صوبہ ادلب میں واقع ہیں اور یہ تقریبا دو برسوں سے مسلح گروہوں کے مکمل محاصرے میں ہیں اور ان علاقوں پر دہشت گردوں کے حملوں اور دواؤں کی کمی اور محاصرے کی وجہ سے ہر روز کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہو رہے ہیں۔

ٹیگس