Mar ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • عراق میں نوروز کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان

عراقی حکومت نے عید نوروز کی مناسبت سے منگل کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی کابینہ نے منگل اکیس مارچ کو عید نوروز کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے-

عراق میں ہر سال عراق کے بیشتر علاقوں میں جشن نوروز بہت ہی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے- عراقی عوام نوروز کے ایام میں شہر سے باہر سرسبز و شاداب باغات اور سبزہ زاروں کا رخ کرتے ہیں اور دارالحکومت بغداد کے سب سے بڑے پارک الزورا میں اس مناسبت سے بڑا جشن منایا جاتا ہے-

عراق کے کرد آبادی والے علاقوں میں نوروز کا جشن خاص اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے- اس سے پہلے پیر کو تحویل آفتاب کے موقع پر نجف اشرف میں لاکھوں زائرین نے دعا و مناجات اور زیارتیں پڑھ کر نوروز کا جشن، معنوی انداز سے منایا- اس موقع پر عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے زائرین موجود تھے-

دنیا کے بارہ ملکوں میں عید نوروز کا جشن باضابطہ طور پرمنایا جاتاہے جبکہ ایران، افغانستان، تاجیکستان، جمہوریہ آذربائیجان، ازبکستان، ترکمنستان، قزاقستان، قرقیزستان اور البانیہ  کے کلینڈر میں نوروز کے عنوان سے عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔