Mar ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • فلسطین میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں امریکی موقف پر حماس کا ردعمل

فلسطین کی تحریک حماس نے فلسطین میں انسانی حقوق کی صورت حال کےبارے میں امریکی وزارت خارجہ کے موقف کی مذمت کی ہے اور اسے صیہونی حکومت کی مکمل جانبداری قرار دیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں فلسطین میں انسانی حقوق کے مسئلے کو شامل کئے جانے کی مخالفت کی ہے۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے دھمکی دی ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں فلسطین میں انسانی حقوق کے مسئلے کو اگر شامل کیا گیا تو ان کا ملک اس کونسل سے نکل جائے گا۔فلسطینی ذرائع کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ امریکہ کا یہ موقف، فلسطینیوں کا خون بہانے اور وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کے لئے اسرائیل کو ہری جھنڈی دکھانے کے مترادف ہے۔انھوں نے مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کے لئے عالمی رائے عامہ میں یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔واضح رہے کہ انسانی حقوق کونسل، ایک عالمی ادارہ ہے جس میں دنیا کے سینتالیس ممالک رکنیت رکھتے ہیں اور یہ کونسل، پوری دنیا میں انسانی حقوق کی حمایت میں سرگرم عمل ہے۔