Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکی پالیسیاں مسلمانوں کے خلاف

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امت کے مسائل کے حل کے لئےمسلم اقوام کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق  نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنے مسائل خود حل کرنا پڑیں گے، امریکہ سمیت کسی عالمی طاقت سے ان مسائل کی امید لگانا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں مسلم دنیا کو انتشار سے دوچار رکھنے کیلئے آئے روز سازشوں کے جال بنتی رہتی ہیں، ٹرمپ نے چھے مسلمان ملکوں کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور اسلام کے ساتھ متعصبانہ رویہ رکھتے ہیں۔

سینیٹرسراج الحق  نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں اقوام متحدہ عالم اسلام کے مسائل سے مکمل لاتعلقی کا مظاہرہ کر رہی ہے جبکہ امریکی پالیسیاں مسلمانوں کے خلاف بنائی جاتی ہیں۔ ٹرمپ کی اسرائیل کی سرپرستی کرنے سے مسلمانوں کے اندر عدم تحفظ کے احساس نے جنم لیا ہے۔ دنیا بھر کے ایک ارب 75 کروڑ مسلمانوں کے 60 کے قریب ممالک میں سے کسی ایک ملک کو ویٹو پاور حاصل نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کشمیر، فلسطین اور برما جیسے مسائل سال ہا سال گزرنے کے بعد بھی حل نہیں ہوئے اور عراق، افغانستان، شام پر جنگیں مسلط کرکے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لئے ضروری ہے کہ دنیا بھر میں عدل و انصاف کا ایسا بااعتماد نظام قائم کیا جائے کہ عالمی تنازعات کا خاتمہ ہو اور بین المذاہب ہم آہنگی قائم ہو۔

ٹیگس