Mar ۲۶, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • ملین مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت جارحین کے خلاف رفرینڈم ہے، انصار اللہ

انصار اللہ کے ترجمان نے صنعا میں ہونے والے ملین مارچ میں لاکھوں یمنیوں کی شرکت کو ملک کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے ریفرنڈم کے مترادف قرار دیا ہے۔

یمن پر جاری سعودی جارحیت کی دوسری برسی کے موقع پر دارالحکومت صنعا کے سبعین اسکوائر پر ہونے والے عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام کا کہنا تھا کہ  یمنی عوام کا یہ اجتماع مستقبل کے لیے ایک ریفرنڈم کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذریعے جارحیت کر کے انسانی حقائق کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے میدان میں عوام کی موجودگی پوری طرح واضح ہے اور اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے بڑے پیمانے پر ملین مارچ میں شرکت کر کے دنیا والوں کو جارحیت کے مقابلے میں اپنی مزاحمت جاری رکھنے کا پیغام دے دیا ہے۔
یمن کی علما کونسل کے سربراہ علامہ شمس الدین شرف الدین نے صنعا میں ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے علمائے کرام سے اپیل کی وہ یمن کے حوالے سے اپنے موقف پر نظر ثانی کریں اور سعودی جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں۔