Mar ۳۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • حضرت امام باقرعلیہم السلام کی ولادت باسعادت مبارک ہو

فرزند رسول امام حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسب سے پورے ایران میں جشن کا سماں ہے اور مذہبی و ثقافتی مقامات پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا ہے۔

مسلمانوں کے پانچویں امام فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام  پہلی رجب سن ستاون ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے آپ کی پیدائش سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی خبر دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا - امام محمد باقر علیہ السلام اپنے دور کی عظیم الشان علمی شخصیت اور ہر لحاظ سے رسول اسلام (ص) کے جانشین و وارث تھے - جب بھی ہاشمیوں کے علم و تقوی اور شجاعت و سخاوت کا ذکر ہوتا ، لوگ آپ کا نام لیتے تھے- شخصیت میں کشش ، عفو و درگذر، بے پناہ علم و تقوی آپ کی اہم خصوصیات ہیں -

حضرت امام باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کی مسجدوں اور امامبارگاہوں میں محفل میلاد کا سلسلہ گذشتہ رات سے ہی شروع ہواہے-  بڑی تقریب مشہد مقدس میں فرزند رسول آٹھویں امام حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم میں منعقد ہوئی جو بدستور جاری ہے جس میں علماء اور ذاکرین نے خطاب کیا جبکہ شعراء بارگاہ اہلبیت میں نذرانہ عقیدت پیش  کر رہے ہیں اس موقع پر اہلبیت اطہار علیھم السلام کے چاہنے والوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مومنین کے درمیان ، چائے ، مٹھائی اور شربت تقسیم کئے-

سحر عالمی نیٹ ورک اپنے تمام ناظرین ، سامعین اور قارئین کو فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتا ہے-

ٹیگس