Mar ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • شام کے صوبہ حماہ  میں دو ہزار سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت

شام کے صوبہ حماہ میں گذشتہ چھے روز کے دوران شامی فوج کی کارروائیوں میں دو ہزار دو سو دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند روز کے دوران شامی فوج کی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے سات فوجی مراکز، پندرہ ٹینک، گیارہ بکتر بند گاڑیاں، ایک سو سات دیگر گاڑیاں، ہتھیاروں کے بارہ گودام، سترہ بم اور راکٹ لانچر اور چھے میزائل لانچر تباہ کئے گئے ہیں۔شامی فوج نے اسی طرح شمالی حماہ میں جبہت النصرہ دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔ شامی فوج نے شمالی حماہ میں فضائیہ کی مدد سے عطشان، سکیک، تمانعہ، صوران، طیبہ الامام، معردس، المجدل، قطیس اور کفرنبودہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔واضح رہے کہ شام کا بحران دو ہزار گیارہ سے جاری ہے جو اس ملک کی قانونی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے امریکہ، سعودی عرب اور بعض دیگر ملکوں منجملہ ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں سے شروع ہوا ہے۔

ٹیگس