Mar ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  •   ترک فوج کی موجودگی عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے

عراقی وزیرخارجہ نے اپنے ملک میں ترک فوج کی موجودگی کو عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

عراق کے وزیرخارجہ ابراہیم جعفری نے بغداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوترش سے ملاقات میں عراق کے شمالی علاقے میں ترک فوج کی موجودگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں اور عرب لیگ نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ عراق سے نکل جائے لیکن ترکی بدستور عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کر رہا ہے-

عراقی وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا کہ وہ موصل کے پناہ گزینوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں-

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوترش نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی عراق کے اتحاد اور استحکام کی کنجی ہے، کہا کہ اقوام متحدہ تمام مسائل میں عراق کی حمایت کرتی ہے-

انہوں نے کہا کہ وہ بغداد حکومت کی اس تجویز کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل کریں گے کہ دہشت گردانہ نظریات کو جرم قرار دیا جائے- اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عراقی افواج اور عوام کی جنگ اس بات کا باعث بنی ہے کہ پوری دنیا عراق کی حمایت کرے-