Apr ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • شیخ علی سلمان کی رہائی کے لئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کمپیین

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بار پھر بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی جمیعت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک کیمپین میں شیخ علی سلمان کی غیر مشروط اور فوری رہائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت پر شیخ علی سلمان کی سزا منسوخ کرانے کے لئے دباؤ ڈالا جائے کیونکہ انھیں آزادی بیان کے حق کا پرامن استعمال کرنے کی وجہ سے جیل میں ڈالا گیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس کمپین میں مطالبہ کیا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کو ان تمام قوانین کی اصلاح کرنا چاہئے جن میں آزادی بیان کے حق کے پرامن استعمال اور پرامن دھرنوں اور مظاہروں کو جرم قرار دیا گیا ہے۔
بحرین کی کرمنل کورٹ نے کچھ دنوں پہلے جمیعت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کو آئین کی پیروی نہ کرنے اور وزارت داخلہ کی توہین کے الزامات میں دو دو سال کی قید کی سزا دی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق آل خلیفہ حکومت نے غیرمنصفانہ عدالتی کارروائی کے تحت شیخ سلمان کو جیل میں ڈالا ہے اور کورٹ میں ثبوت کے طور پر صرف ان کے بیانات اور تقریروں کو پیش کیا گیا ہے۔
بحرین کے سپریم کورٹ نے تین اپریل کو شیخ علی سلمان کی سزائے قید کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی سزا کو نو سال سے کم کر کے چار سال کر دیا ہے۔
شیخ سلمان کی گرفتاری کے بعد آل خلیفہ حکومت نے بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمیعت وفاق ملی کو تحلیل کر دیا اور اس وقت آل خلیفہ حکومت ایک اور آمریت مخالف جماعت، جمیعت وعد کو بھی تحلیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹیگس