Apr ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • افغانستان: وزیر دفاع اور آرمی چیف عہدے سے مستعفی

شمالی افغانستان میں افغان فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 140 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد افغان آرمی چیف اور وزیر دفاع اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق افغان صدارتی محل سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور وزیر دفاع نے استعفیٰ دے دیا ہے جسے صدر اشرف غنی نے قبول کر لیا ہے۔ مزار شریف حملے کے بعد سے عوام کی جانب سے حکومت پر آرمی چیف اور وزیر دفاع سے استعفیٰ لینے کے لئے شدید دباؤ تھا۔

واضح رہے کہ جمعہ (21 اپریل) کو شمالی افغانستان میں صوبہ بَلخ کے دارالحکومت مزار شریف کے مضافات میں قائم فوجی اڈے میں ہونے والے طالبان کے حملے میں 140 سے زائد فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کا کہنا تھا کہ 10 حملہ آوروں میں سے 7 کو جوابی کارروائی میں ہلاک اورایک کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دو نے جھڑپ کے دوران خود کو دھماکوں سے اڑا لیا۔ اس سے قبل مارچ کے اوائل میں بھی کابل کے مرکزی ملٹری ہسپتال پر حملہ کیا گیا تھا اس حملے میں تقریباً پچاس سے زائدافراد ہلاک ہوئے تھے۔

ٹیگس