Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • عراقی شہر سنجار پر ترکی کے فضائی حملے کی مذمت

عراقی کردستان کی اہم سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے صوبہ نینوا کے علاقے سنجار پر ترکی کے ہوائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے-

عراق کی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی، پیٹریاٹیک یونین آف کردستان اور کردستان اسلامی اتحاد جیسی پارٹیوں نے الگ الگ بیانات جاری کر کے سنجار میں پی کے کے، کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے  بہانے اس علاقے  پر ترک فضائیہ کی جانب سے کئے جانے والے حملے کی مذمت کی ہے-

عراقی کردستان کی ان جماعتوں نے کہا ہے کہ ترک فضائیہ کا حملہ بین الاقوامی قوانین اور عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے- 

نینوا کی صوبائی کونسل کے رکن داؤدی جندی نے بھی اعلان کیا ہے کہ ترک فوج نے سنجار میں ایزدیوں کو نشانہ بنا کر درحقیقت عراق میں کرد قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی ہے-

واضح رہے کہ ترک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے منگل کی صبح عراق کے شہر سنجار کے قریب پی کے کے،  کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بہانے حملہ کر دیا جس میں کرد ملیشیا کے اٹھارہ جوان جاں بحق ہو گئے-

عراقی حکومت بھی ترک فوج کی اس طرح کی جارحیت کی بارہا مذمت کر چکی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ترکی کے اس قسم کے اقدامات عراق کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے-

عراقی حکومت نے پچھلے دنوں عوامی رضاکار فورس کے بارے میں ترک صدر کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بغداد میں ترکی کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا تھا-

 

ٹیگس