Apr ۲۶, ۲۰۱۷ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • عراقی فوج نے اسٹریٹیجک اور تاریخی شہر الخضر کو آزاد کرا لیا

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ نینوا کے اسٹریٹیجک اور تاریخی شہر الخضرکو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا ہے۔

عراقی ذرائع کے مطابق فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے اسٹریٹیجک شہر الخضر کو آزاد کرا لیا ہے جس کے نتیجے میں دہشت گرد گروہ داعش کا تین صوبوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
آ‎ثار قدیمہ کے شہر الخضر کی آزادی کے لیے عراقی فوج نے منگل کے روز پیشقدمی شروع کی تھی۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے گزشتہ روز فضائیہ کی مدد سے، الخضر شہر کے بارہ علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا۔

دفاعی مبصرین کے مطابق الخضر کی آزادی کے بعد صوبہ نینوا، صلاح الدین، اورالانبار سے داعشیوں کا باہمی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان اب تک مغربی موصل کے ستر فی صد سے زیادہ علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا چکے ہیں۔عراقی فوج نے مغربی موصل کی آزادی کے لیے انیس فروری سے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

ایک اور اطلاع کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مشرقی صوبوں دیالی اور صلاح الدین کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے ابتدائی آپریشن شروع کردیا ہے۔