May ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • عراق میں داعش کے ہاتھوں عام شہریوں کا قتل عام

داعش تکفیری دہشت گردوں نے عراق کے صوبے نینوا میں وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دس عام شہریوں کا قتل عام کر دیا۔

سومریہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں داعش تکفیری دہشت گرد، عام شہریوں کے خلاف اپنے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں انھوں نے صوبے نینوا میں عراقی فوج کے ساتھ تعاون کرنے کی بنا پر دس عام شہریوں کو خاک و خوں میں غلطاں کر دیا۔

اس سے قبل شہر موصل کے مغربی علاقے میں بھی داعش دہشت گردوں نے پچاس عام شہریوں کا قتل عام کر دیا تھا۔

دو ہزار چودہ میں موصل پر قبضہ کرنے کے بعد سے داعش دہشت گرد گروہ اب تک مختلف بہانوں سے سینکڑوں عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار چکا ہے۔

 ایک اور خبر یہ ہے کہ موصل یونیورسٹی کی تاریخی لائبریری کو جہاں کتابوں کے ایک لاکھ سے زائد نسخے موجود تھے کہ جن میں خطی نسخے بھی شامل ہیں، تباہ کردیا گیا۔ اس یونیورسٹی پر داعش دہشت گردوں نے قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد دو ہزار سولہ میں امریکہ نے اس پر بمباری کردی اور کتابوں کے نایاب نسخے تباہ کر دیئے۔ موصل یونیورسٹی، عراق  کا دوسری بڑا تعلیمی مرکز شمار ہوتی ہے۔

ادھر حویجہ میں داعش دہشت گردوں نے جنگ سے فرار کے الزام میں اپنے چودہ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔

اس شہر پر جون دو ہزار چودہ سے داعش دہشت گردوں کا قبضہ ہے اور اس شہر کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری کرکوک منتقل ہو گئے ہیں۔

ٹیگس