May ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • کفن پوش بحرینی شہریوں کا حکومت مخالف مظاہرہ، ایک شہید دسیوں زخمی

بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے دارالحکومت منامہ کے علاقے الدراز میں کفن پوش مظاہرین پر حملہ کرکے کم سے کم ایک بحرینی شہری کو شہید کر دیا ہے

بحرین کے اللولو ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے فوجی اور سیکورٹی اہلکاروں نے الدراز میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور شاہی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت میں مظاہرہ کرنے والوں پر حملہ کردیا جس میں ایک بحرینی شہری شہید ہوگیا - شہید ہونے والے بحرینی شہری کا نام محمد کاظم محسن زین الدین ہے - بحرینی فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے حملے میں بہت سے مظاہرین زخمی بھی ہوئے ہیں - بحرینی شہری بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف نمائشی عدالت کے فیصلے پر احتجاج کررہے تھے -  الدراز سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ یہ علاقہ اس وقت فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا ہے - بحرینی فوجیوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر اور آس پاس کے علاقے کا محاصرہ کررکھا ہے - اس سے پہلے کفن پوش مظاہرین نے بحرینی فوجیوں اور سیکورٹی فورس کو الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کی جانب آنے سے روکنے کی کوشش کی مگر آل خلیفہ کے فوجیوں اور سیکورٹی فورس نے ان پر حملہ کردیا - شاہی حکومت نے گذشتہ برس جون میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرلی تھی جس کے بعد سے بڑی تعداد میں بحرینی شہری ان سے اظہار یکجہتی کے لئے الدراز میں ان کے گھر کے  باہر دھرنے پر بیٹھے ہیں -