May ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے دورہ اسرائیل کا مقصد مسئلہ فلسطین کو سبوتاژ کرنا ہے

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیاسی تعلقات شعبے کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ مقبوضہ فلسطین کا مقصد مسئلہ فلسطین کو سبوتاژ کرنا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے شعبہ سیاسی تعلقات کے سربراہ ماہر الطاہر نے پیر کو لبنان کے المیادین ٹی وی سے گفتگو میں ٹرمپ کے اس دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو حقیقی مسائل و مشکلات اور وسیع بحرانوں کا سامنا ہے اور امریکی ماہرین نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ امریکہ کا مقام پست ہوا ہے۔

انھوں نے امریکہ اور سعودی عرب کے اتحاد کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ٹرمپ کے علاقے کے دورے کا ایک مقصد، مشرق وسطی کے علاقے میں مختلف قسم کے فتنے اور بحران پیدا کرنا اور جنگ، خاص طور سے مذہبی جنگ کی آگ بھڑکانا ہے تاکہ مشرق وسطی کو اسرائیل کے مفاد میں تباہ کر دیا جائے۔

ماہر الطاہر نے کہا کہ امریکہ کو وسیع اندرونی مسائل کا سامنا ہے اور ٹرمپ، عرب ملکوں کا سرمایہ لوٹ کر امریکہ کے اندرونی مسائل حل کرنے کی کوشش اور ہتھیاروں کے سودے کر کے امریکیوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ، اسرائیل کے مقابلے میں نہ صرف تحریک مزاحمت بلکہ فلسطینی قوم کی حمایت کرنے والوں کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیگس