May ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • افغان فوج کے اڈے پر طالبان کا حملہ گیارہ فوجی ہلاک

افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار کے شہر شاہ ولی کوٹ میں ایک فوجی اڈے پر حملے میں کم سے کم گیارہ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں

پیر اور منگل کی درمیانی رات افغانستان کے صوبہ قندھار کے شہر شاہ ولی کوٹ میں ایک فوجی اڈے پر مسلح افراد کے حملے میں گیارہ فوجی ہلاک جبکہ نو فوجی زخمی ہوگئے - افغانستان کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر نے شاہ ولی کوٹ میں فوج کے اچکزئی نامی اڈے پر حملہ کیا جس میں گیارہ فوجی ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوئے ہیں - یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب نصف شب کو فوجی جوان سورہے تھے اور حملہ آوروں نے اسی موقع کا فائدہ اٹھا کر فوجی جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی -  پچھلے چند ہفتوں میں افغانستان میں فوجی اڈوں پر حملوں میں شدت آگئی ہے - چند ہفتے قبل بھی صوبہ بلخ میں طالبان نے ایک فوجی اڈے پر حملہ کرکے ایک سو پینتیس افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا- حالیہ ہفتوں کے دوران بھی مختلف علاقوں میں فوجیوں پراسی طرح کے حملے کئے گئے ہیں - افغان حکومت ، اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری طالبان پر عائد کرتی ہے اور طالبان بھی اس قسم کے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں - افغان حکام کا کہنا ہے کہ شاہ ولی کوٹ میں فوجی اڈے پر طالبان کے حملے کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور طالبان کو بھی بھاری جانی نقصان ہوا تاہم طالبان کے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے-

ٹیگس