May ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • بحرین : بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر پر حملہ

بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی فوج اور سیکورٹی اہلکاروں نے منامہ کے علاقے الدراز میں مظاہرین پر حملہ کرکے متعدد شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا جبکہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو ان کو گھرمیں نظر بند کر دیا ہے

منامہ کے علاقے الدراز کے باشندوں کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے آیت اللہ شیخ قاسم کے گھر پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ پرامن مظاہرین پر بھی حملہ کیا ہے - الدراز میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے شیخ عیسی قاسم کے گھر کے گیٹ کو گرا دیا ہے اور ان کے گھر پر حملہ کرنے سے  پہلے وہاں موجود ان کے حامیوں پر حملہ کردیا جس میں متعدد بحرینی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں اطلاعات ہیں کہ زخمیوں میں کئی ایک کی حالت نازک ہے اور سیکورٹی اہلکار ایمبولینسوں کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں - اطلاعات ہیں کہ الدراز میں صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے - بحرین کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے کم سے کم ایک سو پچاس بحرینی شہریوں کو بھی گرفتارکرلیا ہے اور بڑی تعداد میں سیکورٹی فورس کے اہلکار آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر تعینات ہوگئے ہیں پچھلے اتوار کو بحرین کی ایک نمائشی عدالت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد عوامی مظاہروں میں زبردست شدت آگئی ہے-  گذشتہ جون میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردئے جانے کے بعد سے بڑی تعداد میں بحرینی شہری الدراز میں ان کے گھر کے باہر ان کی حمایت میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں - دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی فورس نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر پر حملہ کرکے انہیں ان کے گھر میں نظر بند کردیا ہے- ادھر بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز کے سربراہ باقر درویش نے المیادین ٹیلی ویژن چینل سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الدراز سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں رونما ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری براہ راست بحرینی حکام ، امریکا برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر عائد ہوتی ہے - دوسری جانب لبنان کے مسلمان علما کی تنظیم نے بیروت میں ایک پریس کانفرنس میں بحرینی عوام سے کہا ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں سڑکوں پر نکلیں- بحرین کے مسلمان علما کی تنظیم نے بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور عوام پر ڈھائے جا رہے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اپنی یکجہتی پر تاکید کرتے ہوئے ان کا دفاع کرنے کا اعلان کیا- بحرین میں فروری دوہزارگیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں - بحرینی عوام اپنے ملک میں جمہوریت اور آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں-