Jun ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • عراقی صوبے صلاح الدین میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت

عراق کی سیکورٹی فورس نے ملک کے شمالی شہر بیجی کے قریب ایک آپریشن کے دوران داعش کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

عراق کے صوبہ صلاح الدین کے گورنر احمد عبداللہ الجبوری نے کہا ہے کہ عراقی فورس نے بیجی شہر سے پندرہ کلومیٹر دور السّلام نامی گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا-

صلاح الدین کے گورنر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے شہروں میں داخل ہو کر سیکورٹی فورس اور عام شہریوں پر دہشت گردانہ حملہ کرنا چاہتے تھے-

صلاح الدین کے گورنر نے اس سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ دہشت گرد، صوبہ صلاح الدین کے شہروں میں حملے کر سکتے ہیں-

دریں اثنا عراقی فیڈرل پولیس کے سربراہ شاکر جودت نے کہا ہے کہ موصل کے قدیم علاقے میں داعش کے متعدد عناصر کو محاصرے میں لے لیا گیا-

ان کا کہنا تھا کہ داعش کے عناصر موصل کے بچوں اور خواتین سے خودکش حملوں کا کام لے رہے ہیں۔