Jun ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • مصری جزیروں کے بارے میں سمجھوتے پر عمل درآمد پر روک

مصر کی اعلی آئینی عدالت نے دو متنازعہ جزیروں تیران اور صنافیر کے بارے میں احکامات پر عمل درآمد کو روک دیا ہے۔

المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ مصر کی اعلی آئینی عدالت نے سعودی عرب کے شاہ سلمان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان تیران اور صنافیر جزیروں کے بارے میں ہوئے معاہدے پر عمل درآمد پر روک لگا دی ہے-

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جب تک اس معاہدے کی ملک کے آئین سے مطابقت نہیں ہو جاتی اس وقت تک اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکے گا-

مصر کی پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے بدھ کو اکثریتی ووٹوں سے سعودی عرب کے ساتھ مصری سمندری حدود کے تعین اور دو مصری جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کئے جانے کے سمجھوتے کو منظوری دے دی تھی-

اس اقدام پر مصر کے مختلف حلقوں اور متعدد ارکان پارلیمان نے شدید احتجاج کیا ہے-

عبدالفتاح السیسی کے ناقدین اور مخالفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی مالی مدد کے عوض مصر کے دونوں جزیروں کو فروخت کر دیا ہے-

ٹیگس