Jun ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • پاک وہند اور کشمیرمیں کل یوم القدس کی ریلیاں

پاکستان، ہندوستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیر میں کل عالمی یوم القدس مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

ہندوستان میں ہر سال کی طرح اس سال بھی روزہ دار مسلمان اور اسی طرح دوسرے مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد قدس ریلیوں میں شرکت کرکے اسرائیل سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کریں گے۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی کل مختلف علاقوں سے القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔ عالمی یوم القدس کے موقع پر کشمیری حریت قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جمعۃ الوداع کو حسب سابق امسال بھی یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز کشمیر کی تمام مساجد، خانقاہوں اور امام بار گاہوں میں قبلہ اول، بیت المقدس کی بازیابی کے حق میں اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم اور کشمیری عوام کے تئیں ہندوستان کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا اور اس ضمن میں مشترکہ قیادت کی جانب سے ایک قرارداد تمام اجتماعات میں عوام کی تائید و حمایت کے لئے پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد کے لئے تمام تنظیموں نے اتفاق کر لیا ہے اور کل جمعہ کو یوم القدس کی مشترکہ ریلی نکالی جائے گی ۔

اس رپورٹ کے مطابق تمام تنظیمیں اپنے روٹس سے ہوتے ہوئے سہ پہر تین بجے نادرا چوک پہنچیں گی، جہاں تمام تنظیمیں مل کر سرینا چوک کی طرف جائیں گی۔ سرینا پہنچ کر ریلی کے شرکاء ایک مشترکہ قرارداد اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرائیں گے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی طرح کل اس ملک کے دوسرے شہروں اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں بھی نماز جمعہ کے بعد عظیم الشان قدس ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں غاصب صیہونی حکومت کی جاری جارحیت کی مذمت کے علاوہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا جائے گا اور امریکی اور اسرائیلی جھنڈوں کو نذر آتش کیا جائے گا۔

ٹیگس