Jun ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۵ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں شرکت کی اپیل

تقریب مذاہب اسلامی عالمی اسمبلی اور اہلبیت ورلڈ اسمبلی نے تمام مسلمانوں سے عالمی یوم قدس کے جلوسوں میں شرکت کرنےکی اپیل کی ہے

تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ عالمی یوم قدس، سامراج کے خلاف مستضعفین کے مقابلے اور صیہونی حکومت، امریکہ اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کے خلاف مظلوم قوموں کے انتفاضہ اور جد و جہد کا دن ہے۔
تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ، جمعت الوداع کو تمام مسلمان، قبلہ اول اور مسلمانوں کے اولین مسئلے کی حیثیت سے مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں اپنے موقف کا بخوبی اعلان کریں گے۔
تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کی قوموں کے درمیان جارح صیہونی حکومت اور ان کے استکباری آقاؤں کے مقابلے میں تسلیم نہ ہونا، امریکہ اور رجعت پسند عرب حکومتوں کی سربراہی میں ہونے والے ذلت آمیز مذاکرات کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے حل کو قبول نہ کرنا اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لئے ملت فلسطین کی حمایت کرنا ایک مشترکہ امر ہے۔
تقریب مذاہب اسلامی نے بین الاقوامی اداروں، اسلامی تعاون تنظیم، انسانی حقوق کے اداروں اور علماء سے اپیل کی ہے کہ وہ لازمی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صیہونی حکومت بیت المقدس اور مسجد الاقصی کو یہودی رنگ دینے اور فلسطین کے تاریخی تشخص اور اسلامی آثار کو مٹانے سے روکنے کی کوشش کریں۔
اس بیان میں تقریب مذاہب اسلامی کی عالمی اسمبلی نے عرب اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قومی امنگوں کی پاسداری کرتے ہوئے اسرائیل کی غاصب و جارح حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو ختم کریں اور اس کی مصنوعات پر پابندی عائد کریں کیونکہ مسلم اقوام صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی مخالف ہیں۔
ورلڈ اہلبیت اسمبلی نے بھی اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے ثابت کرد کھائیں گے کہ مسلم امۃ ، فلسطین کی مظلوم قوم کے ساتھ ساتھ میانمار، افغانستان، پاکستان، بحرین، سعودی عرب ، یمن ، عراق ، شام اور نائیجیریا سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ ہیں۔
ورلڈ اہل بیت اسمبلی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ عالمی یوم القدس کے موقع پر تمام مسلم قوموں خاص طور پر فلسطین کی مظلوم قوم کی نجات کے لئے اپنی مجاہدانہ اور متحدہ کوششوں کو جاری رکھیں۔

ٹیگس