Jun ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • عالمی یوم قدس کے جلوسوں اور ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کی تاکید

عالمی یوم قدس کے موقع پر شام، یمن، بحرین اور فلسطین کی مختلف تحریکوں اور شخصیات نے مسلمانوں کی جانب سے مسجدالاقصی کی حفاظت کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عالمی یوم قدس کے جلوسوں اور ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت پر تاکید کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہنما مروان عبدالعال نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے بیروت میں ایران کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں کہا ہے کہ اس وقت علاقے میں مسئلہ فلسطین کی اہمیت کم کئے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مزاحمت و دہشت گردی کے درمیان فرق کا مفہوم تبدیل کیا جا رہا ہے۔لبنان میں جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے ابو عماد الرفاعی نے بھی بیروت میں ایک نشست میں کہا ہے کہ اس وقت فلسطین کو مختلف قسم کے خطرات کا سامنا ہے اور خطرہ صرف اسرائیل سے ہی نہیں ہے بلکہ بعض عرب ملکوں کی جانب سے بھی فلسطین اور فلسطینی عوام کو خطرہ لاحق ہے اس لئے فلسطینیوں کو چاہئے کہ اپنی آگاہی اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ اور مزاحمت کو مستحکم بنا کر اسرائیل کو شکست دیں۔فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندے علی برکہ نے بھی کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے سامنے دو راستے ہیں پہلاراستہ مذاکرات و سازباز ہے اور یہ راستہ شکست سے دوچار ہو چکا ہے جبکہ دوسری راستہ، مزاحمت ہے جس نے اپنی افادیت کو ثابت بھی کیا ہے۔مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے بھی بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین کی اہمیت کے بارے میں کہا ہے کہ عرب و اسلامی ملکوں کے درمیان اختلافات سے مسجد الاقصی کی بے حرمتی اور بیت المقدس کو یہودی شہر بنانے میں صیہونی غاصبوں کی مدد ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ مسجدالاقصی کے سلسلے میں اس وقت عرب و اسلامی ملکوں کی ذمہ داری اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے اور انھیں چاہئے کہ اس بات کو سمجھ لیں کہ مسجدالاقصی کا احترام، مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدالنبی جیسا ہے اور انھیں چاہئے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول کے دفاع کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داؤد شہاب نے بھی عالمی یوم قدس کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سال عالمی یوم قدس، صیہونی حکومت کی جانب سے مسجد الاقصی پر قبضے کی پچاسویں برسی کے موقع پر منایا جا رہا ہے اور شہر بیت المقدس اس وقت بدترین دور سے گذر رہا ہے اور یہاں تک کہ عرب ممالک بھی اس کے خلاف سازشیں رچ رہے ہیں۔فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی عالمی یوم قدس کے موقع پر سن انّیس سو اڑتالیس کے علاقوں سے ملنے والی غزہ کی سرحدوں میں فلسطینیوں کے اجتماعات اور صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کی مخالفت کا اعلان کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ عالمی یوم قدس اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی ایک یادگار ہے کہ جس دن پوری دنیا کے مسلمان، نکالے جانے والے جلوسوں اور ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور مظلوم فلسطینی عوام سے اپنی ہمدردی و حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔اور کل جمعۃ الوداع یعنی عالمی یوم القدس ہے جس دن پوری دنیا کے مسلمان جلوسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی کا اظہار اور غاصب صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں سے اپنی نفرات و بیزاری کا اعلان کرتے ہیں-

ٹیگس