Jun ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • بیعت سے انکار کی خبر، سعودی حکومت نے ٹی وی چینل بند کردیا

سعودی عرب کی وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک سعودی قبائلی سردار کی جانب سے نئے ولیعہد محمد بن سلمان کی بیعت نہ کئے جانے کی خبر نشر کئے جانے پر ایک ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے بدایہ ٹی وی چینل بند کر دیا ہے۔ اس ٹی وی چینل نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی بیعت سے ایک قبائلی سردار کے انکار کی خبر نشر کی تھی جس کے بعد اس ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی لگادی گئی۔
سعودی نامہ نگار منصور الخمیس نے بھی کہا ہے کہ بدایہ ٹی وی چینل کی نشریات بند کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کے روز اپنے شاہی فرمان میں نائف بن عبدالعزیز کو ہٹا کر اپنے بیٹے کو نیا ولیعہد بنانے کا اعلان کیا اور پھر محمد بن سلمان سے بیعت کئے جانے کی رسومات کے دوران ایک سعودی قبائلی سردار نے بیعت کرنے سے انکار کر دیا جسے پھر سیکورٹی اہلکاروں نے وہاں سے نکال دیا۔ اس پورے منظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔