Jul ۰۷, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۵ Asia/Tehran
  • عراقی فوج دریائے دجلہ کے ساحل پر پہنچ گئی

عراقی فوج موصل کے قدیم علاقے میں پیشقدمی کرتے ہوئے دریائے دجلہ کے ساحلوں کے قریب پہنچ گئی ہے اور بہت جلد شہر سے داعشی دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔

بغداد میں عراق کی مرکزی پولیس کمانڈ نے بتایا ہے کہ موصل کے قدیم علاقے نجیفی میں ننانوے فی صد فوجی مشن مکمل ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز عراقی فوج اور پولیس فورس کے جوانوں نے النجیفی روڈ کو آزاد کرالیا ہے اور المیدان نامی محلے کو بھی جلد ہی آزاد کرالیا جائے گا۔
عسکری ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے اندر موصل شہر کا چپہ چپہ داعشیوں کے وجود سے مکمل پاک ہوجائے گا۔اس کے بعد عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی موصل کی آزادی کا سرکاری طور پر اعلان کریں گے۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ سات جولائی کو موصل پر داعش کا قبضہ مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے اور یہ وہی دن ہے جب سات جولائی دوہزار چودہ کو ابوبکر البغدادی نے شہر کی مسجد النوری سے اپنی خود ساختہ خلافت کا اعلان کیا تھا۔
ابوبکر البغدادی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ مغربی عراق سے فرار کی کوشش میں، سیکورٹی فورس کے ہاتھوں شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ٹیگس