Jul ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۹ Asia/Tehran
  • خلیج فارس تعاون کونسل کا خاتمہ قریب ہے۔ قطر

قطر کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے انیس سواکیاسی میں خلیج فارس تعاون کونسل کی بنیاد ڈالی تھی لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ تنظیم اپنے خاتمے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، قطر کےنائب وزیر خارجہ عبداللہ بن حمد العطیہ نے کہا ہے کہ قطر نے عرب ملکوں کی جانب سے کئے گئے محاصرے سے سخت سبق حاصل کیا ہے۔العطیہ نے کہا کہ قطر بحرانی حالات اور مسلط کیے گئے محاصرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے قطر کا محاصرہ کرنے والے ملکوں کے رویئے کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قاہرہ میں ہونے والا قطر مخالف اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی ناکام ہوگیا تھا۔دوسری جانب قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی نے کہا ہے کہ ان کا ملک، قدرتی گیس کی فروخت سے حاصل ہونے والے عظیم مالیاتی ذخائرے اور ناخالص قومی پیداوار سے دوسو پچاس گنا زیادہ کے زرمبادلہ کے ذریعے محاصرے کے منفی اثرات سے نمٹنے کی پوری توانائی رکھتا ہے۔دریں اثنا قطر کی پورٹ آرگنائیزیشن نے حمد بندرگاہ سے بیرونی دنیا کے لیے پانچ نئے شیپنگ روٹ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پانچ نئے شیپنگ روٹ آئندہ بیس دن کے اندر اندر چالو ہوجائیں گے۔قطر کی پورٹ آرگنائیزیشن کے مطابق یہ اقدام قطر آنے والے بحری اور مال بردار جہازوں کو کے راستے میں ہمسایہ ملکوں کی جانب سے ڈالی جانے والی روکاوٹوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سےکیا جارہا ہے۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جون کو بیک وقت قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع اور اس ملک کے ساتھ اپنی، زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں بند کردیں تھیں۔اسی دوران اطلاعات ہیں کہ دبئی کے ڈپٹی پولیس چیف نے قطر کو عالمی سرپرستی میں لینے کی اپیل کی ہے تاکہ بقول ان کے دوحہ کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت اور امداد کا راستہ روکا جاسکے۔دبئی کے ڈپٹی پولیس چیف ضاحی خلفان نےاپنے ذاتی ٹوئیٹ پر کہا کہ قطر کو دہشت گردوں کی مالی حمایت سے روکنے کے لیے قطر کو عالمی سرپرستی میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے زعم میں قطر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک گیر مظاہرے کرکے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو برطرف کردیں۔

ٹیگس