Jul ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۶ Asia/Tehran
  • اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی، فلسطینی سفیر

تہران میں فلسطین کے سفیر نےکہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی نابودی تک فلسطینی گروہوں کی جد و جہد جاری رہے گی-

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق تہران میں فلسطین کے سفیر صلاح الدین زواوی نے فلسطین کے موضوع پر تہران میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت پورے عالم اسلام اور تمام فلسطینی گروہوں کی دشمن ہے اور قدس کی غاصب صیہونی حکومت کی مکمل نابودی تک اس کے خلاف فلسطینی گروہوں کی جد و جہد جاری رہےگی۔
صلاح الدین زواوی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے نقشے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ شام کے بعض علاقوں، پورے اردن، حتی سعودی عرب کے کچھ علاقوں، عراق کے ایک بڑے علاقے اور مصر کے صوبہ سینا پر اپنی نظریں گاڑے ہوئے ہے اور ان علاقوں کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنا چاہتی ہے۔
تہران میں فلسطینی سفیر نے کہا کہ فلسطینیوں نے صیہونیوں کے خلاف جنگ میں دسیوں ہزار شہیدوں کی قربانی دی ہے اور اپنی قوم، تاریخ اور دین کے لئے جد و جہد کی ہے اور اس وقت بھی مسلم امہ کی نمائندگی میں صیہونیوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ تمام اسلامی ممالک کو اپنے ہتھیاروں کا رخ صیہونیوں کی جانب موڑ لینا چاہئے کہا کہ صیہونی حکومت مٹ کے رہے گی اور اس کے لئے فلسطین میں کوئی جگہ نہیں ہے اور فلسطین کی آئندہ نسلیں اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔
ایران میں فلسطین کے سفیر صلاح الدین زواوی نے تہران میں اسلامی و عرب ممالک کے سفیروں کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ صیہونی حکومت دہشتگردی کا جعلی و من گھڑت مفھوم بیان کرتی ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔

ٹیگس