Aug ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران کے موقف کی صداقت اور سچائی ثابت ہوچکی ہے، حماس

حماس کے شعبہ خارجہ امور کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مسئلہ فلسطین کے بارے میں اپنی نیک نیتی اور سچائی کو ثابت کردیا ہے۔

روزنامہ فلسطین سے بات چیت کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ حماس اور ایران کے درمیان تعلقات کو پچیس برس گزر گئے ہیں اور یہ تعلقات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حماس کے لیے مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کے موقف کی صداقت اور سچائی ثابت ہوچکی ہے۔اسامہ حمدان نے کہا کہ فلسطینیوں کے مفادات کے تناظر میں حماس دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات کی بنیاد مسئلہ فلسطین، فلسطینیوں کے حقوق اور ان کی جد وجہد کے بارے میں ان ملکوں کے نظریات پر استوار ہوں گے۔حماس کے شبعہ خارجہ امور کے سربراہ نے واضح کیا کہ سر زمین فلسطین کی آزادی کی جنگ بدستور جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطین کا چپہ چپہ غاصبانہ قبضے سے آزاد نہیں ہوجاتا۔انہوں نے سعودی اخبار الریاض کی جانب سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کے بارے میں کہا کہ اس اخبار کے خلاف سعودی عرب کے اندر اور باہر سے جو ردعمل سامنے آیا ہے وہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ علاقے کے عوام اور سرزمین فلسطین کے درمیان گہرا تعلق پایا جاتا ہے۔حماس کے شعبہ خارجہ امور کے سربراہ نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے درمیان قومی آشتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرزمین فلسطین کو آزاد کرانا اور فلسطینیوں کی حقوق کی بالادستی تمام گروہوں کی ذمہ داری ہے۔

ٹیگس