Aug ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • عراقی فوج تلعفرآپریشن کیلئے تیار

عراق کے چیف آف جوائنٹ سٹاف نے تلعفر کی آزادی آپریشن کیلئے مکمل آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

عراق کے چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل عثمان الغانمی نے روسیاالیوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراقی افواج تلعفر کی آزادی کیلئے وزیراعظم حیدر العبادی اور مسلح افواج کے سربراہ کے گرین سگنل کے انتظار میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تلعفر آپریشن کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اورعراق کی مشترکہ فورسز نے اپنی پوزیشنیں سنبھالی ہوئی ہیں۔

عثمان الغانمی نے تاکید کی کہ مسلح افواج تلعفر کی آزادی سے قبل دہشتگرد گروہ داعش کیخلاف مقدماتی آپریشن کا آغاز کرینگے۔ چیف آف جوائنٹ سٹاف کا مزید کہنا تھا کہ تلعفر کی آزادی کے بعد عراقی فوج کا ہدف سرحدوں کی حفاظت اور وہاں سے دہشتگردوں کا صفایا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ تلعفر شہر 2014 سے دہشتگرد گروہ داعش کے قبضے میں ہے جو موصل سے 65 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ شہر داعش کے اہم ٹھکانوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہاں سے دہشتگرد شام کی جانب نقل مکانی کرسکتے ہیں اور اسی راستے کے ذریعے سے داعش کو تمام لاجیسٹک امداد فراہم کی جاتی ہے۔

ٹیگس