Aug ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکا جنگ یمن بند نہیں ہونے دے رہا ہے، یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کا بیان

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہےکہ امریکا اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ یمن میں سعودی عرب کی جنگ کو روکنے کے لئے مجوزہ مذاکرات کی راہ میں مشکلات کھڑی کررہا ہے۔دوسری جانب یمنی شہریوں نے دارالحکومت صنعا میں دو مجسمے نصب اور ان کے اوپر احتجاجی پیغام لکھ کر یمن میں امریکی جرائم کی مذمت کی ہے۔

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ امریکا اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ مجوزہ امن مذاکرات کی راہ میں مشکلات کھڑی کررہا ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے ایک پروگرام میں جس کا عنوان تھا امریکا یمنی عوام کا قتل عام کررہا ہے کہاکہ یمن کی جنگ میں امریکا کا سب سے اہم رول ہے اور امریکا ہی یمن میں سعودی عرب کی جنگ کی کمان سنبھالے ہوئے ہے اور وہ جنگ بند نہیں ہونے دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن کے عوام یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ امریکا یمنی شہریوں کے قتل عام اور یمن کی تباہی و بربادی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ یمنی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ انہیں اپنے دشمن کی شناخت ہونی چاہئے اور یمن کے عوام کو یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ کون لوگ ان کے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔
دوسری جانب یمن کے عوام نے دارالحکومت صنعا کے التحریر اسکوائر میں خون سے آلود دو مجسموں کو نصب کرکے اس پر لکھاہے کہ امریکا یمنی عوام کا خون بہارہا ہے۔
اس درمیان یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ یمن کے عوام کے خلاف سعودی حکومت کی جارحیت اور دشمنی کو ختم کرانے کے لئے اپنی حقیقی ذمہ داری ادا کرے۔ یمن کے وزیرخارجہ ہشام شرف نے یمن میں روس کے ناظم الامور سے ملاقات میں کہا کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل اور یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کا اصولی مطالبہ ہے کہ یمن کا محاصرہ ختم کیا جائے اور یمن کا بحران صرف سیاسی مذاکرات سے ہی حل ہوسکتاہے۔
یمنی وزیرخارجہ نے یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں کو موجودہ دور کا سب سے خطرناک انسانی المیہ قراردیا اور کہا کہ یمن کی فوج ، عوامی رضاکارفورس، سیکورٹی فورس اور یمنی قبائل کے جیالے ان تمام تر حملوں کے باوجود جارح سعودی دشمن کی سازشوں کا نہایت ہی بے جگری کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔
یمن میں سعودی حملوں سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں پورے ملک میں وبائی امراض پھیل گئے ہیں چنانچہ عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت پانچ لاکھ سے زائد افراد یمن میں ہیضے میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں بیشتر تعداد بچوں کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف اپریل سے اب تک ان  ہیضے کے نتیجے میں سیکڑوں یمنی شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ٹیگس