Aug ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت کے خلاف یمنی عوام کا مظاہرہ

یمن کے عوام نے سعودی جارحیت کے خلاف ایک بار پھر مظاہرہ کیا ہے۔

ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں سے آنے والے ہزاروں لوگوں نے دارالحکومت صنعا کی سڑکوں پر مارچ کیا اور خطے میں امریکہ اور سعودی عرب کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اور ایسے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرے میں یمن کے سرکردہ قبائلی عمائدین بھی شریک تھے اور انہوں نے ایک بار پھر اپنے ملک کے خلاف سعودی جارحیت اور امریکہ کی شرمناک سازشوں کی شدید مذمت کی۔
اس مظاہرے میں یمنی خواتین نے بھی بڑے پیمانے پر حصہ لیا اور اس بات کا اعلان کیا کہ انہوں نے محاذ جنگ پر لڑنے والے یمنی فوجیوں اور عوامی رضاکاروں کے لیے، غذائی اور مالی امداد جمع کی ہے جو جلد ہی حکام کے حوالے کردی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ یمنی عوام نے ہمیشہ جارح قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آج بھی سعودی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ارحب میں سعودی عرب کے حالیہ حملے اور جنگی جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت یمنی عوام کو بلاتفریق نسل و مذہب خاک و خون میں نہلا رہی ہے۔
انصار اللہ کے سربراہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ مشکلات اور سعودی جارحیت کے مقابلے میں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس اورانہیں نبھانے کی کوشش کریں۔

ٹیگس