Sep ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • کابل اسٹیڈیم حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی

داعش کے خود کش بمبار نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑ دیا ۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر خود کش بمبار نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد گروہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

اطلاعات کے مطابق جس وقت دھماکا ہوا اس وقت اسٹیڈیم کے اندر شپاگیزا کرکٹ لیگ کا میچ جاری تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کو نقصان نہیں پہنچا۔

افغان سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار نے اپنی جان کی قربانی دے کر حملہ آور کو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے سے روکا جہاں ہزاروں افراد موجود تھے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق دھماکے کے بعد میچ کوکچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تاہم بعد میں دوبارہ شروع کردیا گیا۔

افغانستان میں شپاگیزا کرکٹ لیگ کے میچز 22 ستمبر تک جاری رہیں گے۔

واضح رہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ ایک سال کے دوران خطرناک خودکش حملے ہوئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

کابل میں عیدالضحیٰ سے قبل 29 اگست کو ایک بینک کے باہر خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

کابل میں رواں سال 31 مئی کو ریڈ زون میں کار بم دھماکے میں 150 کے قریب افراد ہلاک اور سیکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوگئے تھے جس کو شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا خونی واقعہ قرار دیا گیا تھا۔

ٹیگس