Sep ۱۶, ۲۰۱۷ ۲۰:۵۷ Asia/Tehran
  • حماہ کے اسٹریٹیجک علاقے پر شامی فوج کا کنٹرول

شامی فوج نے مشرقی حما میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، الحانوتہ نامی اسٹریٹیجک علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

دمشق میں سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بتایا ہے کہ حماہ کے نواحی مشرقی علاقے میں جاری فوجی آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ دیرالزور کے علاقے میں متعدد داعشی دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو شامی فوج کے حوالے کردیا ہے۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ تل کروم اور سردا نامی علاقوں کی آزادی کے بعد داعشی عناصر نے شامی فوج کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔
عسکری اور دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ شام میں داعش کے حوصلے پست ہوچکے ہیں اور انہیں اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ وہ شامی فوج کے سامنے ٹھہرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔
گزشتہ ہفتے داعش نے صوبہ دیرالزور کے مختلف علاقوں میں اپنے ستاسی عناصر کو جنگ سے بھاگنے کے الزام میں موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
شام کی فوج پانچ ستمبر کو، تین سال سے جاری محاصرہ توڑ کر دیرالزور شہر میں داخل ہوگئی تھی اور اس نے شہر کے فوجی ایئر بیس کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔

ٹیگس