Sep ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی جرائم جاری، ایک ہی خاندان کے نو افراد جاں بحق

یمن کے خلاف سعودی عرب کے حملوں میں ایک ہی خاندان کے نو افراد جاں بحق ہونے کی خبریں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نےصوبہ مارب کے حریب القرامیش علاقے میں بمباری کر کے ایک ہی خاندان کے نو افراد کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا- آل سعود کے جنگی طیارے اس سے قبل بھی با رہا یمن کے عام شہریوں کا قتل عام کرتے رہے ہیں-
دوسری طرف سعودی عرب کے عوام نے یمنی عوام کی حمایت میں اس ملک پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے الشرقیہ علاقے کے شہر قطیف کے شہریوں نے یمن پر سعودی جرائم پر ردعمل میں شہر کی دیواروں پر، یمنی عوام کے خلاف آل سعود کے جرائم، شرمناک ہیں، آل سعود، بڑی شیطان ہے، اور قاتل و وحشی آل سعود حکومت کے ہاتھوں یمنی عوام کا قتل عام حیرت انگیز نہیں ہے، جیسے نعرے لکھ کر سعودی حکومت کے جارحانہ اقدامات سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا-
قطیف علاقے کے عوام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت بین الاقوامی اداروں کی حمایت سے یمنی عوام کا قتل عام کررہی ہے-
درایں اثنا بعض رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ فرانس، سعودی عرب کو جدیدترین ہتھیار دے کر بالواسطہ طور پر یمن میں جنگی جرائم میں شریک رہا ہے- فرانسیسی ذرائع ابلاغ نے فرانس کے اسلحہ جاتی مانیٹرنگ سینٹر کی خفیہ اطلاعات کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب نے لبنانی فوج کی مدد کے بہانے فرانس کی اسلحہ ساز کمپنیوں کے ساتھ بڑی مقدار میں جنگی ساز و سامان خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم یہ فوجی ساز و سامان، لبنانی فوج کو نہیں د‏یے گئے بلکہ ان سے جنگ یمن میں استفادہ کیاگیا-
اس رپورٹ کے مطابق گذشتہ دوبرس سے سیاسی و صحافتی دنیا کی مکمل خاموشی میں ایک نہایت غریب ملک کے خلاف دنیا کے ایک مالدار ترین ملک کی جنگ جاری ہے - فرانس دنیا میں ہتھیار فروخت کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے اور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو ہتھیار فراہم کرنے والا اہم ملک شمار ہوتا ہے۔