Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
  •  عراقی حکومت ریفرنڈم کو تسلیم نہیں کرے گی، حیدرالعبادی

عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے کہا ہے کہ عراق سبھی عراقی شہریوں کے ملک کی حیثیت سے باقی رہے گا۔

عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے اتوار کی شام ایک پریس کانفرنس میں اور اسی طرح عراقی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کردستان کی علیحدگی کے لئے ریفرنڈم عراق کی تقسیم کی ایک کوشش ہے۔

انہوں نےکہا کہ یکطرفہ طور پر ریفرنڈم کا انعقاد عراق کے آئین کی خلاف ورزی ہے اور حکومت، عراق کے وفاق کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عراق کی مرکزی حکومت کردستان کے علاقے میں ریفرنڈم کو تسلیم نہیں کرے گی اور کردستان کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ کوئی تعاون بھی نہیں کرے گی۔

حیدرالعبادی نے کہا کہ عراقی حکومت ملک میں مسلکی بنیادوں پر الگ حکومت کی تشکیل کو مسترد کرتی ہے جس طرح سے وہ نسلی بنیادوں پر کسی ملک کو تسلیم نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت اپنے کرد شہریوں کو نہیں چھوڑے گی۔

عراقی وزیرا‏عظم نے کہا کہ طاقت اور زور و زبردستی کی بنیاد پر دوسروں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کا امکان نہیں ہے اور اس طرح کا اقدام شکست سے دوچار ہوگا جس طرح سے بعث پارٹی کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑاتھا۔

انہوں نے کردستان کے عوام سے کہا کہ وہ پتہ لگائیں کہ کردستان کی مقامی انتظامیہ کے عہدیداروں نے گذشتہ برسوں کے دوران جو تیل فروخت کیا ہے اس کا پیسہ کہاں خرچ ہوا ہے۔

ٹیگس