Oct ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • علاقے کے بحران کے حل کی غرض سے بات چیت کے لئے تیار ہیں، قطر

قطر نے کہا ہے کہ وہ خلیج فارس کے علاقے کے بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے امریکی وزیرخارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے ملک کا یہ موقف پھر دوہرایا کہ قطر، علاقے کے بحران کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کرنے پر یقین رکھتا ہے-

قطری وزیر خارجہ نے دوحہ میں امریکی وزیرخارجہ ٹلرسن کے ساتھ اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے ساتھ کہ جنھوں نے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے،  بحران کو حل کر نے کی غرض سے بات چیت کے لئے اپنے موقف پر قائم ہے-

قطری وزیر خارجہ نے آئندہ دسمبر مہینے میں کویت میں خلیج فارس تعاون کونسل کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قطر کو ابھی تک اس اجلاس میں شرکت کا دعوتنامہ موصول نہیں ہوا ہے-

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی خلیج فارس تعاون کونسل میں اتحاد کی بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس بحران کو ختم کرنے کے لئے زبردستی کوئی حل مسلط کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا البتہ آپسی بات چیت کے ذریعے اس بحران کا حل ضروری ہے-

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے سعودی عرب سے کہا کہ قطر سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کرے لیکن ابھی تک کوئی ایسا واضح اشارہ نہیں ملا کہ دیگر فریق مذاکرات کے لئے تیار ہوں-

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، خلیج فارس کے علاقے کے بحران کو حل کرنے کے لئے قطر کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لئے تیار نہیں ہے-

 

ٹیگس