Nov ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • اربعین کے موقع پر زائرین کی حفاظت سے متعلق عراقی سیکورٹی اہلکاروں کی قدردانی

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اربعین حسینی کے موقع پر سیکورٹی کے تحفظ میں عراق کی فوج، تمام سیکورٹی اہلکاروں اور خفیہ اداروں کی قدردانی کی ہے۔

العلم کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ایک پیغام میں اربعین حسینی کے موقع پر سیکورٹی منصوبوں کی کامیابی کو ایک ایسے درخشاں کارنامے سے تعبیر کیا ہے جو داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں کامیابی اور عراق کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے کے درخشاں کارناموں میں شامل ہے۔
حیدر العبادی نے اسی طرح عراق کے سیکورٹی اداروں کے ساتھ زائرین محترم اور ماتمی انجمنوں کے تعاون، اور زائرین کرام کے ساتھ تعاون اور ان کی خدمات سے متعلق کربلا کے گورنر ہاؤس اور مقدس روضوں کی انتظامیہ کی بھی قدردانی کی۔
عراق کے وزیر داخلہ قاسم الاعرجی نے بھی جمعے کے روز کربلا میں ایک بیان میں کہا کہ اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کرام کی سیکورٹی اور امن و امان کی برقراری کے لئے جو سیکورٹی منصوبہ بنایا گیا تھا وہ کامیابی کےساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اربعین حسینی کے موقع پر نظم و ضبط اور سیکورٹی کے قیام کے لئے صرف صوبے کربلا میں چھتّیس ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے جن میں فوجی اور دیگر سیکورٹی اہکار نیز عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے جوان شامل ہیں۔
اربعین حسینی کے ملین مارچ میں اس سال کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا جبکہ سیکورٹی ذرائع نے اربعین حسینی کے زائرین کرام پر دو دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنائے جانے کا اعلان کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کے سرکاری اعداد و شمار میں کم سے کم تخمینہ لگائے جانے کے باوجود اس سال اربعین حسینی میں عراق اور دنیا کے مختلف ملکوں کے چار کروڑ سے زائد زائرین نے شرکت کی۔

ٹیگس