Nov ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • سعد حریری نے استعفی واپس لے لیا

ریاض میں بیٹھ کر لبنان کی وزارت عظمی کے عہدے سے استعفا دینے والے سعد حریری نے صدر میشل عون سے ملاقات کے بعد اپنا استعفا واپس لے لیا ہے

سعد حریری نے چار نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، وہ اپنے مشکوک استعفے کے اٹھارہ روز کے بعد بدھ کو بیروت واپس پہنچے ہیں۔خـبروں کے مطابق سعد حریری نے لبنان کے صدر میشل عون اور اسپیکر نبی بری کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا ہے کہ انہوں نے صدر کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اپنے استعفے کو موخر کر دیا ہے تاکہ استعفے کی وجوہات کے بارے میں بات چیت کی جاسکے۔سعد حریری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ وہ علاقائی صورتحال سے ملک کو بچانے کے لیے صدر میشل عون کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر میشل عون اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے دوران ملک کو موجودہ حالات سے بچانے کا کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔لبنان کے وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ لبنان کی تمام سیاسی جماعتوں اور دھڑوں کو طائف معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے ملک کو علاقائی بحرانوں سے دور رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان کو اپنی غیرجانبدارانہ پالیسی پر عمل کرتے رہنا چاہیے۔لبنان کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ قومی مفادات کے دائرے میں ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ ٹھوس بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔

ٹیگس