Dec ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۹ Asia/Tehran
  • کائنات کے طول عرض میں جشن عید میلادالنی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں ہفتہ وحدت اور جشن عید میلاد النبی کا آغاز ہوگیا ہے ایک روایت کے مطابق بارہ ربیع الاول پیغمبر رحمت حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت ہے اور اسی دن سے ہفتہ وحدت کا بھی آغاز ہوتا ہے۔

بارہ ربیع الاول کے مبارک دن یعنی اہل سنت مسلمانوں کی روایتوں کے مطابق سرکاردوعالم پیغمبر خاتم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کی مناسبت سے پوری دنیا میں جشن عید میلادالنبی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ ہفتہ وحدت کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

اہل سنت کے مورخین اور راویوں کے مطابق بارہ ربیع الاول سرورکائنات کا یوم ولادت باسعادت ہے جبکہ شیعہ مسلمان روایوں کے مطابق سترہ ربیع الاول حضور ختمی مرتبت کا یوم ولادت باسعادت ہے اسی کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جوعصر حاضر میں اتحاد امت کے سب سے بڑے داعی اور منادی تھے ان ایام کو مسلمانوں کی صفوں میں  اتحاد قائم کرنے کے لئے ہفتہ وحدت قراردیا۔

ہفتہ وحدت ایک بہترین موقع ہے جس میں عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کا جائزہ لیا جاسکتاہے خاص طور اس دور میں جب عالم اسلام فتنہ و آشوب سے دوچار ہے۔

اگرچہ مسلمانوں میں مختلف مسالک ہیں لیکن بنیادی اصولوں میں ان کے درمیان اشتراک پایا جاتاہے سبھی مسلمان ایک قرآن ایک رسول خاتم ایک قبلہ اور ایک ہی خدا کو  مانتے ہیں جبکہ فروعات میں نماز و روزہ اور حج و زکات جیسے احکامات میں بھی ان کے درمیان اشتراک پایا جاتا ہے۔

جشن عیدمیلادالنبی کے موقع پر پورا عالم اسلام سراپا جشن و سرور ہے ایران کے بھی مختلف علاقوں میں اہل سنت مسلمان جشن عید میلادالنبی بہت ہی تزک و احتشام کے ساتھ  منا رہے ہیں۔ اس موقع پر جلسوں اور سمیناروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

پاکستان میں بھی سرکاردوعالم کا جشن ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے ہر طرف میلاد اور درود وسلام کی محفلیں سجی ہوئی ہیں اور سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے گئے ہیں - اس موقع پر شہروں اور قریوں میں بھی چراغانی کی گئی۔

ہندوستان کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں حضور سرورکائنات کا جشن ولادت باسعادت بڑے ہی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے اور ہرطرف نعت خوانی کی محفلیں جاری ہیں اور لوگ اس پرمسرت موقع پر میٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں۔ مقررین اور خطبا بھی حضور نبی کریم کی سیرت پاک پر روشنی ڈال کر لوگوں کو آنحضور کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرنےکی سفارش کررہے ہیں۔

ٹیگس