Dec ۰۶, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران اور دنیا بھر میں جشن امین و صادق

سرور کائنات پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کا جشن ولادت اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے

امن  و رحمت کے پیغمبر حضرت محمد مصطفے صل اللہ وآلہ وسلم اور مکتب جعفری کے بانی حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سرا پا جشن و نور ہے - اس مبارک اور پرمسرت موقع پر ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں وسیع پیمانے پر جشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سبھی شہروں کی سڑکوں گلیوں، مساجد اور مذہبی مقامات کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے ۔

ایران  میں اس مناسبت سے مرکزی اجتماعات مشہد مقد س میں حضرت امام رضا  علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جہاں عاشقان رسول و آل رسول کا جم غفیر ہے  اور ہر طرف سے درود و سلام کی بارش ہورہی ہے - اس موقع پر دارالحکومت تہران می‍ں کل اکتیسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوئی کا جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے سیکڑوں علما اور اکابرین شریک ہیں اور مسلمانوں کو سیرت نبوی پر چلتے ہوئے امت مسلمہ میں اتحاد کی دعوت دے رہے ہیں - پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سترہ ربیع الاول اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ہر طرف جشن ہے اور جگہ جگہ محفل میلاد منقعد کی جارہی ہیں -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لکا لاریجانی نے منگل کی شام اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام الگ الگ پیغامات ارسال کرکے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت کی مبارکباد پیش کی ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے تہنیتی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پیغمبر اسلام(ص) کی گرانقدر سیرت پر تکیہ، آسمانی کتاب قرآن کریم کی محکم تعلیمات سے استفادہ اور اسلامی ملکوں کے سربراہوں کی کوششوں سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارہ پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہو گا-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تکفیری نظریات کا مقابلہ کرنے اور تشدد و انتہا پسندی کے خلاف مہم میں تعاون کو فروغ دینے پر مبنی اسلامی ملکوں کی ذمہ داریوں پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی اور اتحاد سے متعلق قرآن کریم کی آیت پر بھروسہ کر کے اسلامی ملکوں میں امن و استحکام اور عدل و انصاف کا مروج ہونا چاہئے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی اسلامی ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کو الگ الگ تہنیتی پیغامات ارسال کر کے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جشن ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی-

ایران کے اسپیکر نے اپنے ان تہنیتی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے زیرسایہ اور قرآن کریم و سیرہ نبوی  سے مدد حاصل کر کے اسلامی دنیا میں اتحاد و یکجہتی، پہلے سے زیادہ مستحکم ہو گی اور اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون  بھی مزید فروغ پائے گا-

انہوں نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیوں کے بعد ضروری ہے کہ اسلامی معاشرے میں اتحاد و یگانگت کی فضا اور زیادہ روشن و منور ہو اور انتہاپسندی اور تفرقہ انگیزیوں کا پوری طرح خاتمہ ہو-

قابل ذکر ہے کہ سترہ ربیع الاول سرکار ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسولۖ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے جبکہ سنی مسلمانوں کی روایتوں کے مطابق بارہ ربیع الاول پیغمبر خاتم(ص) کا یوم ولادت باسعادت ہے، اسی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے ان ایام کو ہفتہ وحدت قرار دیا ہے۔

 

ٹیگس