Dec ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • مظاہرین پرصیہونی فوج کی فائرنگ درجنوں فلسطینی زخمی

فلسطین میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جبکہ صیہونی فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے درجنوں فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

فلسطین الیوم  کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے  کے خلاف پورے فلسطین میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جب کہ صہیونی  فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے  درجنوں فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے۔

امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدام پر فلسطینیوں کا سخت ردعمل آنے پراسرائیلی حکومت نے غربِ اردن اور غزہ کے اطراف سیکڑوں اہلکار تعینات کردیے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں نے ہڑتال کررکھی ہے جب کہ ہزاروں افراد احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور براہ راست گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں کم ازکم 20 افراد زخمی ہوگئے، غربِ اردن اور غزہ کی پٹی میں مظاہرین اور صیہونی فوج کے درمیان زبردست جھڑپیں ہوئیں، شدید کشیدگی والے علاقوں کو اسرائیلی فوجیوں نے گھیرے میں لے کرغیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے۔

ادھر فلسطینی طبی اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے متعدد شہری شدید زخمی ہوئے اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔

ادھر حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے امریکی اقدام کے جواب میں انتقاضہ کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے  جسے روکنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں کی اضافی نفری کو غزہ طلب کرلیا گیا ہے۔

ٹیگس