Dec ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • بحرینی وفد کے دورہ غزہ کے خلاف فلسطینیوں کا مظاہرہ

درجنوں فلسطینی نوجوانوں نے پیر کوغزہ کے شمال میں بیت حانون گذرگاہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے جو بحرینی وفد کے دورہ غزہ کے خلاف احتجاج کے لئے جمع ہوئے تھے، مظاہرے کے دوران ٹائر جلائے اور شدید احتجاج کیا۔مظاہرین نے بحرینی وفد پر جوتے اور انڈے پھینکے اور پتھراؤ کیا اور اعلان کیا کہ وہ اسرائیل سے سازباز کرنے والے بحرین کے وفد کو غزہ کا دورہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔بیت المقدس کی اسلامی اوقاف کی تنظیم نے بھی بحرین کے اس وفد کو بیت المقدس سے نکال باہر کر دیا۔واضح رہے کہ بحرین کے چوبیس رکنی ایک وفد نے آل خلیفہ حکومت کی مرضی سے ہفتے کے روز تل ابیب کا دورہ کیا ہے۔ بحرین کی آل خلیفہ حکومت، علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کی ایک حامی حکومت ہے۔بحرینی وفد نے یہ دورہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ علاقے اور دنیا کے مختلف ملکوں میں امریکی صدر ٹرمپ کے اس اعلان کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے جار رہے ہیں کہ جس میں انھوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کیا ہے۔

ٹیگس