Dec ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • غزہ  اور غرب اردن پر صیہونی فوجیوں کا حملہ متعدد فلسطینی شہید اور زخمی

فلسطین کے علاقے غرب اردن میں منگل کو بھی فلسطینی مظاہرین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ اس درمیان فلسطینی نوجوانوں نے امریکہ کے ساتھ روابط اور امریکی مفادات کے تعلق سے زیادہ سخت اقدامات کئے ہیں۔

صیہونی فوجیوں نے غزہ پر اپنے تازہ ترین وحشیانہ حملے میں دو مزید فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے-

فلسطینی نیوز ایجنسی وفا نے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے منگل کو غزہ  پٹی کے شہر بیت لاہیہ میں ڈرون طیارے سے حملہ کر کے دو فلسطینیوں کو شہید اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا۔

اس طرح گذشتہ جمعرات سے اب تک صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چھے ہو گئی ہے-

غرب اردن میں بھی فلسطینی مظاہرین اور صیہیونی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت آگئی ہے- یہ شدید جھڑپیں بیت اللحم، بیت عینون اور الخلیل میں جاری ہیں-

دوسری جانب فلسطین کی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی تازہ ترین جھڑپوں میں ایک سو ستاون فلسطینی زخمی ہو گئے جبکہ گذشتہ جمعرات سے اب تک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد دو ہزار ہو گئی ہے-

اس درمیان غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں مزاحمتی قوتوں کے ٹھکانوں اور رہائشی علاقوں پر گولہ باری اور بمباری کی۔

غاصب صیہونی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اسرائیل پر فلسطینی گروہوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کے جواب میں غزہ پر گولہ باری اور بمباری کی۔

ادھر  امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو غاصب صیہونی حکومت کا دارالحکومت اعلان کئے جانے کے بعد تیسری تحریک انتفاضہ کے شروع ہوتے ہی بیت المقدس کی حامی فلسطینی نوجوانوں کی تحریک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امریکہ کے سبھی دفاتر کو بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیت المقدس کی حامی فلسطینی نوجوانوں کی تحریک نے امریکہ کی احمقانہ بیہودہ گوئیوں اور فلسطینی انتظامیہ کے شرمناک موقف کے مقابلے میں فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکی حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کی قیادت خود کرے گی-

فلسطینی نوجوانوں کی مذکورہ تحریک نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی نوجوان بیت المقدس کے دفاع کی قیمت ادا کرنے میں بے بس نہیں ہیں اور جہاں تک ہو سکے گا وہ بیت المقدس کے دفاع اور سرزمین فلسطین کی آزادی کی راہ میں اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کریں گے۔

ٹیگس