Dec ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی حکومت کے ہوائی حملے

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بدھ کو بھی غزہ پر اپنے وحشیانہ ہوائی حملے جاری رکھے جبکہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیے ہیں۔

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی پر اپنے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بدھ کو بھی کئی بار بمباری کی ہے۔فلسطین انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے شہر خان یونس کے مغرب میں حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کی البحریہ فوجی چھاؤنی پر ایک میزائل فائر کیا۔
صیہونی فوجیوں نے ساتھ ہی ایک اور میزائل البحریہ فوجی چھاؤنی کے قریب فائر کیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
اس درمیان صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی فضاؤں میں بڑے پیمانے پر پروازیں انجام دیں۔صہیونی فوجیوں نے منگل کو بھی غزہ پٹی کے علاقے بیت لاہیا پر بمباری کر کے کم سےکم دو فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ جمعے سے اب تک صہیونی فوجیوں کے حملوں میں چھے فلسطینی شہید اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔
بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد فلسطین کے مختلف علاقوں میں شدید مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جن کےدوران فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہورہی ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر رام اللہ اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں پر بھی حملے کیے ہیں۔
العالم ٹی وی نے خبردی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے مشرقی بیت المقدس کے محلے شعفاط اور غرب اردن کے شہر رام اللہ کے گاؤں عین قینیا میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کیا جس کے بعد فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
اس دوران صیہونی فوجیوں نے اسرائیلی جیل سے حال میں ہی رہا ہونے والے فلسطینی مجاہد علاصابر کے گھر پر حملہ کرکے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا۔
صیہونی فوجیوں نے رام اللہ میں بھی ایسے ہی ایک اور فلسطینی مجاہد کو گرفتار کرلیا ہے۔صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس کے گاؤں العیسویہ پر حملہ کرکے دس سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ٹیگس